اسلام آباد(نامہ نگار) قومی اسمبلی نےتیزاب اور آگ سے جلانے کے جرم کا بل ، مستحق افراد کے لئے خصوصی نشستوں کی تخصیص اور قومی ادارہ صحت (تنظیم نو) ترمیمی بل 2025، زکوٰۃ وعشر ترمیمی بل 2025 کی منظوری دے دی۔جبکہ ڈیجیٹل میڈیا پر فحاشی کی روک تھام سے متعلق ترمیمی بل قائمہ کمیٹی کےسپر دکر دیے ۔اسی طرح صحافیوں اور میڈیا پروفیشنلز کے تحفظ کا ترمیمی بل 2025تحریک منظور کرکے مزید غور کے لئے متعلقہ کمیٹی کو بھجوا دیا گیا۔منگل کو قومی اسمبلی میں ڈاکٹر مہرین رزاق بھٹو نے تیزاب اور آگ سے جلائے جانے سے متعلق تشدد جیسے گھناؤنے جرم کی شفاف اور فوری سماعت کے ذریعے اسے خاص طور پر جرم قرار دینے اور اس سے منسلک اور اس کے ضمنی معاملات کی بابت احکامات وضع کرنے کا بل سینیٹ کی منظور کردہ صورت میں زیر غور لانے کی اجازت چاہی جس کی اجازت ملنے پر ڈپٹی سپیکر نے شق وار منظوری لی اور بعد ازاں مہرین رزاق بھٹو نے بل منظوری کے لئے پیش کیا جس کی ایوان نے منظوری دے دی، قومی اسمبلی میں شازیہ مری نے اسلام آباد کی حد تک اس کے اطلاق میں زکوٰۃ و عشر آرڈیننس 1980 میں مزید ترمیم کرنے کا بل پیش کرنے کی اجازت چاہی۔