اسلام آباد( نیوز رپورٹر)وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے کہا ہے کہ پاکستان ریلوے ملک کا واحد ادارہ ہے جو اپنی آمدن سے پنشن اور ملازمین کی تنخوا ہیں ادا کرتا ہے اور انہیں اضافہ بھی اپنےوسائل سے دیتا ہے۔بینیفٹس کی مد میں ساڑھے 12 ارب روپے کا شارٹ فال ہے جس کو حل کرنے کیلئے کوششیں جاری ہیں۔ اس کیلئے فنڈز کیلئے وزارت خزانہ سے بات چیت جاری ہے۔منگل کو قومی اسمبلی میں آغا رفیع اللہ اور دیگر کے پاکستان ریلویز کے ملازمین اور ان کے خاندانوں کو گریجویٹی ،بینوولینٹ فنڈ،شادی گرانٹس،نقد رقم بروقت رخصت، الوداعی گرانٹ کی ادائیگیوں میں تاخیر سے متعلق توجہ دلاؤ نوٹس کے جواب میں حنیف عباسی نے کہا کہ پاکستان ریلویز میں تنخواہوں کا مسئلہ حل کر دیاہے ۔پہلے تنخواہ ایک ایک ۔ دو دو ماہ لیٹ ہو جاتی تھی۔ اب پانچ تاریخ تک مل جاتی ہے۔