• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان اور امریکا کا دہشت گردی سے نمٹنے کے مشترکہ عزم کا اعادہ

اسلام آباد (نیوز رپورٹر)پاکستان اور امریکا نے دہشت گردی کی تمام اقسام اور تمام اشکال سے نمٹنے کیلئے اپنے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے منگل کو جاری پاکستان۔امریکا انسدادِ دہشت گردی مکالمہ کے مشترکہ اعلامیہ کے مطابق دونوں ممالک نے منگل نے اسلام آباد میں پاکستان۔امریکا انسدادِ دہشت گردی مکالمے کے تازہ دور کا انعقاد کیا، جس میں دہشتگردی کی تمام اقسام اور تمام اشکال سے نمٹنے کے لیے اپنے مشترکہ عزم کو اعادہ کیا ہے۔ یہ مکالمہ اقوام متحدہ کے لیے خصوصی سیکریٹری نبیل منیر اور امریکی محکمہ خارجہ کے قائم مقام کوآرڈینیٹر برائے انسدادِ دہشت گردی گریگوری ڈی۔ لو جرفو کی مشترکہ صدارت میں منعقد ہوا۔ دونوں وفود نے دہشت گردی کے خطرات سے نمٹنے کے مؤثر طریقے اپنانے کی اہمیت پر زور دیا، جن میں بلوچ لبریشن آرمی، داعش خراسان اور تحریکِ طالبان پاکستان جیسے گروہوں سے لاحق خطرات شامل ہیں۔ امریکا نے ان دہشت گرد عناصر پر قابو پانے میں پاکستان کی مسلسل کامیابیوں کو سراہا، جو خطے اور دنیا کے امن و سلامتی کے لیے خطرہ ہیں۔دریں ا ثناءنائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار سے امریکی قائم مقام کوآرڈینیٹر برائے انسدادِ دہشتگردی گریگوری ڈی لو جرفو نے ملاقات کی۔ منگل کو ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق نائب وزیرِاعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار کو پاکستان امریکا انسدادِ دہشتگردی مکالمے کے دوران ہونے والی گفتگو کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔
اہم خبریں سے مزید