• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دنیا کی دوسری بلند چوٹی K2 پر مہم کے دوران چینی کوہ پیما ہلاک

اسکردو( اے ایف پی)دنیا کی دوسری بلند ترین چوٹی کے ٹو پر مہم کے دوران چین کی کوہ پیما گوان جنگ ایک حادثے میں ہلاک ہو گئیں۔ پاکستان الپائن کلب کے مطابق یہ حادثہ منگل کی رات اس وقت پیش آیا جب وہ چوٹی سے اترتے ہوئے پتھروں کی زد میں آ گئیں۔حادثہ ابروزی اسپر روٹ پر کیمپ ون اور ایڈوانسڈ بیس کیمپ کے درمیان پیش آیا جو پتھروں کے گرنے کے لیے خطرناک سمجھا جاتا ہے۔ گوان جنگ پیر کو اپنے ساتھی کوہ پیماؤں کے ساتھ کامیابی سے چوٹی سر کرنے کے بعد واپسی کے سفر پر تھیں۔ ان کی لاش نکالنے کی کوششیں جاری ہیں جبکہ باقی کوہ پیما بحفاظت بیس کیمپ پہنچ گئے۔ضلع شگر کے ڈپٹی کمشنر نے اے ایف پی کو بتایا کہ گوان جنگ منگل کی رات کے ٹو کی چوٹی سے نیچے اتر رہی تھیں کہ وہ گرنے والی چٹانوں سے ٹکرا گئیں۔ڈپٹی کمشنر کے مطابق آرمی ایوی ایشن کی ایک ٹیم لاش کی بازیابی کیلئے موسم بہتر ہونے کا انتظار کر رہی ہے۔ مقامی کوہ پیمائی مہمات کی نگرانی کرنے والے الپائن کلب آف پاکستان کے مطابق یہ اس موسم گرما میں کوہ پیمائی کے حوالے سے چوتھا حادثہ ہے۔
اہم خبریں سے مزید