کراچی (اسٹاف رپورٹر)مختلف مقامات پر گزشتہ روز ڈوب کر لاپتہ ہونے والے 5 افراد میں سے 4 افراد کی لاشوں کو نکال لیا گیا ایک کی تلاش جاری ، تفصیلات کے مطابق یوم آزادی کے روزحب ڈیم میں نہاتے ہوئے ڈوب کر لاپتا ہونے والے 32 سالہ اسد نواب ولد حاجی نواب اور 24 سالہ فیضان ولد انور علی کی لاشوں کو ایدھی کے غوطہ خوروں نے جمعہ کی صبح نکال لیا،متوفین آپس میں دوست اور پڑوسی ، نارتھ ناظم آباد بلاک یو دیر کالونی کے رہائشی تھے ،متوفین کی نماز جنازہ بعد نماز جمعہ گھر کے قریب مسجد میں ادا کی گئی اور مقامی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا،متوفین کی میتیں گھر پہنچنے پر کہرام مچ گیا ،جاں بحق ہونے والے دونوں افراد شادی شدہ ،متوفی فیضان ایک بچے کا باپ تھا ،دریں اثنا جمعرات کو حب ندی میں نہاتے ہوئے ڈوب کر لاپتا ہونے والے 12 سالہ بچے حذیفہ کی لاش بھی غوطہ خوروں نے نکال لی، علاوہ ازیں سینڈز پٹ چوکی منوڑہ روڈ این فور ہٹ کے قریب سمندر میں نہاتے ہوئے ڈوب کر لاپتا 2 نوجوانوں میں سے ایک 25 سالہ وسیم کی لاش جمعہ کو غوطہ خوروں نے ہاکس بے ہٹ نمبر 123 کے سامنے سے نکال لی،20 سالہ ذاکر ولد محبوب کی لاش تاحال نہیں مل سکی ہے،واضح رہے کہ گزشتہ روز پانچ نوجوان سمندر میں نہاتے ہوئے ڈوبے تھے جن میں سے 3 نوجوانوں کاشف ، سلیم اور گلفام کو ڈوبنے سے بچالیا گیا تھا ، پانچوں نوجوان رنچھوڑ لائن کے رہائشی اور پکنک منانے ہاکس بے آئے تھے ۔