• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

زمین پر قبضے کا الزام، ایس ایچ او ملیر کینٹ اور دیگر کے خلاف مقدمہ درج

کراچی ( اسٹاف رپورٹر )ملیر کینٹ تھانے کے ایس ایچ او اور 50سے60افراد کے خلاف زمین پر قبضہ کرنے کے الزام میں مقدمہ درج کر لیا گیا،مدعی سید علی اکبر زیدی کے مطابق سپر ہائی وے وادی حسین قبرستان کے عقب میں26ایکڑ زمین جو کہ ایک بزنس مین بابر خان درانی کی ہے پر مافیا نے قبضے کی کوشش کی ،چوکیدار نے قبضے کی اطلاع دی جس پر ہم وہاں پہنچے اور پولیس کو کال کی،ابتداء میں ایس ایچ او نے دو پولیس اہلکار مدد کیلئے بھیجے جو بنا کسی سرکاری اسلحہ کے زمین پر آئے،زمین کی کھدائی کے لیے ہیوی مشینری بھی اندر داخل ہوچکی تھی،50سے 60مسلح افراد نے زمین پر قبضے کی نیت سے دھاوا بول دیا،مسلح افراد کے ساتھ بچے اور خواتین بھی زمین پر زبردستی داخل ہو گئے،مدعی کے مطابق ایس ایچ او کے حکم پر آنے والے پولیس اہلکاروں نے قبضہ مافیا کیلئے دروازہ کھول دیا، مسلح افراد نے فائرنگ کردی جس سے4گارڈز زخمی ہوئے،مسلح افراد نے گارڈز سے اسلحہ بھی چھین لیا، مقدمہ کے مطابق ایس ایچ او تھانہ ملیر کینٹ انسپکٹر سرفراز کی ملی بھگت سے صدیق آدم جی کے بھیجے ہوئے مرد و خواتین نے زمین پر قبضہ کرنے کی کوشش کی ،پولیس نے واقعہ کا مقدمہ انسداد دہشت گردی اور دیگر دفعات کے تحت درج کر لیا ہے۔

شہر قائد/ شہر کی آواز سے مزید