اسلام آباد( نیوز رپورٹر)پاکستان نے اسرائیلی قابض قوت کے حالیہ بیانات جن میں "گریٹر اسرائیل” کی نام نہاد فرضی ریاست کے قیام کا عندیہ دیا گیا اور غزہ سے فلسطینیوں کو جبری بے دخل کرنے کی اسرائیلی سازش کی شدید مذمت کی ہے اور انہیں مسترد کرتا ہے۔ بین الاقوامی برادری فوری اقدامات کرےتاکہ قابض طاقت کو خطے کو مزید غیر مستحکم کرنے سے روکا جا سکے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے جمعہ کو جاری بیان میں کہا کہ پاکستان بین الاقوامی برادری پر زور دیتا ہے کہ وہ ایسے اشتعال انگیز تصورات کو یکسر مسترد کرے جو بین الاقوامی قانون، اقوام متحدہ کے چارٹر کے اصولوں اوراقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ ایسے بیانات قابض قوت کے غیر قانونی قبضے کو مزید مستحکم کرنے کی خواہش کا اظہار ہیں، نیز خطے میں پائیدار امن اور استحکام کے حصول کیلئے تمام بین الاقوامی کوششوں کیلئے اسرائیل کی مکمل بے حسی کو بھی ظاہر کرتے ہیں، بین الاقوامی برادری کو فوری اور ٹھوس اقدامات کرنے چاہئیں تاکہ قابض طاقت کو خطے کو مزید غیر مستحکم کرنے سے روکا جا سکے اور فلسطینیوں کیخلاف جاری اس کے مظالم اور جرائم کو ختم کیا جا سکے۔