کوئٹہ(خ ن)صوبائی حکومت کے احکامات اور ہائی کورٹ بلوچستان کے حکم پر سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کوئٹہ کی نگرانی کوئٹہ شہر میں غیر قانونی رکشوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کوئٹہ ڈویژن ظہور احمد بلوچ نے ایئرپورٹ روڈ اور بی اے مال کے علاقے میں کارروائی کے دوران 9 غیر قانونی رکشے پکڑ کر بند کر دیے گئے۔ اس موقع پر ایس پی صدر سرکل عاصم شاہ، ٹریفک پولیس اور آر ٹی اے کا عملہ بھی موجود تھا۔ کارروائی کے دوران رکشہ ڈرائیوروں کے کاغذات، پرمٹ اور ڈرائیونگ لائسنس کی جانچ پڑتال کی گئی۔سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کوئٹہ نے اس موقع پر کہا کہ شہر میں غیر قانونی رکشوں کے خلاف کریک ڈاؤن روزانہ کی بنیاد پر جاری ہے، لہٰذا تمام رکشہ مالکان اپنے کاغذات اور اصل پرمٹ ہمراہ رکھیں تاکہ دوران چیکنگ پیش کیے جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں ٹریفک کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے یہ کارروائی ناگزیر ہے کیونکہ غیر قانونی رکشوں کی وجہ سے رش اور ٹریفک جام کی صورتحال پیدا ہوتی ہے۔