• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹریفک کی روانی یقینی بنانے میں ٹریفک پولیس مکمل ناکام ہو چکی ، پشتونخوا میپ

کوئٹہ ( اسٹاف رپورٹر) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی سینئر نائب صدر وضلع کوئٹہ کے سیکرٹری سید شراف آغا ودیگر ضلع کمیٹی کے اراکین نےکوئٹہ شہر میں ٹریفک کے ناقص نظام اور جاری لوٹ مار کی صورتحال پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہر بھر میں ٹریفک کی روانی کے نظام میں ٹریفک پولیس مکمل ناکام ہو چکی ہے جبکہ چوراہوں ، سڑکوں پر مختلف حیلے وبہانوں سے شہریوں کو تنگ کرنے، بھاری بھرکم چالان دینے، موٹرسائیکلیں ، رکشے ، گاڑیاں ضبط کرنے ،550ودیگر میں کارروائی اور عدالتی ریلیز پر شہریوں کو مجبور کرنے، شہریوں پر تشدد کرنے، گالم گلوچ، بداخلاقی پر مبنی رویہ اختیار کرنے، رشوت خوری کے بازار کو گرم کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ٹریفک پولیس روزانہ کی بنیاد پر لاکھوں روپے غریب مزدور، ملازم ، طلباء ودیگرافراد کو چالانوں کی مد میں وصول کررہی ہے ، غریب ریڑھی بانوں ، رکشے والو کے بعد اب عام شہریوں سرکاری ونجی ملازمین ، مزدوروں ، طلباء کو تنگ کرنے اور لوٹنے کا سلسلہ شروع کردیا ہے ۔ یہ عوام دشمن سلسلہ جاری رہا تو پارٹی احتجاج پر مجبور ہو گی اور ہر چوراہے ، سڑک پر ٹریفک پولیس کے خلاف احتجاج کریگی جس کی تمام ذمہ داری پولیس انتظامیہ پر عائد ہوگی۔ آئی جی پولیس ، ڈی آئی جی پولیس ، ایس پی ٹریفک سے ٹریفک پولیس آفیسران واہلکاروں کی جاری کرپشن ، شہریوں کو تنگ کرنے کا سختی سے نوٹس لینے اور اس سلسلے کو فوری ترک کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے ۔
کوئٹہ سے مزید