کوئٹہ ( اسٹا ف رپورٹر)بلوچستان فوڈ اتھارٹی نے سریاب کے مختلف علاقوںمیں بچوں کی حالت غیر ہونے کی اطلاع پر فوری کارروائی کرتے ہوئے رات گئے پاک اسٹار بیکنگ یونٹ کو فوڈ سیفٹی قوانین کی سنگین خلاف ورزیوں پر فوری طور پر سیل کردیا گیا۔قبل ازیں سوشل میڈیا پر شکایت موصول ہونے کے بعد ڈائریکٹر جنرل کی ہدایت پر رات گئے بی ایف اے کی ٹیم نے سول ہسپتال کے بچوں کے وارڈ کا دورہ کیا، جہاں طبی عملے نے بتایا کہ 17 بچوں اور 2 خواتین کو بیکری مصنوعات کھانے کے بعد اسپتال لایا گیا جبکہ نواحی کلینک میں مزید 30 بچوں کے کیس رپورٹ ہوئے۔ اسپتال رپورٹ کے مطابق تمام مریضوں میں ایک ہی خطرناک بیکٹیریا کی تشخیص ہوئی ہے۔بعد ازاں بی ایف اے ٹیم نے اسپیشل مجسٹریٹ کے ہمراہ بیکری یونٹ کا معائنہ کیا ۔ بیکنگ یونٹ کو سیل اور مختلف سیمپلز لیبارٹری تجزیہ کے لیے روانہ کرتے ہوئے مالکان کے خلاف مزید قانونی کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے۔