فرانسیسی حکام نے ایک ایئر ٹریفک کنٹرولر کو اسرائیلی پائلٹس سے رابطے کے دوران فری فلسطین کہنے پر معطل کر دیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ اُس وقت پیش آیا جب اسرائیلی ایئرلائن ایل آل کا طیارہ پیرس کے شارل ڈی گال ایئرپورٹ سے روانہ ہوا، ایل آل ایئرلائن کے ترجمان نے اس جملے کو انتہائی سنجیدہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ غیر پیشہ ورانہ اور نامناسب رویہ ہے۔
ایئرلائن کے مطابق وہ دنیا بھر میں اسرائیلی پرچم کے ساتھ اپنی پروازیں جاری رکھے گی اور مسافروں و عملے کی حفاظت کو یقینی بنائے گی۔
فرانسیسی وزیر ٹرانسپورٹ فیلیپ تباروت نے فوری ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں، اگر یہ حقائق درست ثابت ہوئے تو یہ ریڈیو کمیونیکیشن کے ضوابط کی خلاف ورزی ہوگی، جو صرف پروازوں کی حفاظت اور نظم و ضبط تک محدود ہونے چاہئیں۔
بعد ازاں انہوں نے تصدیق کی کہ ریکارڈنگز ایل آل کے دعوے سے مطابقت رکھتی ہیں اور متعلقہ کنٹرولر کو مزید اطلاع تک ڈیوٹی سے روک دیا گیا ہے۔
یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب غزہ میں جاری اسرائیلی جارحیت نے خوفناک انسانی بحران کو جنم دیا ہے۔
اکتوبر 2023ء سے اب تک 61 ہزار سے زائد فلسطینی شہید اور 1 لاکھ 51 ہزار سے زیادہ زخمی ہو چکے ہیں، جس میں بڑی تعداد عورتوں اور بچوں کی ہے، لاکھوں افراد بے گھر ہو چکے ہیں جبکہ پورے کے پورے خاندان صفحہ ہستی سے مٹ گئے ہیں۔