• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مانچسٹر: جموں کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹرنیشنل کے زیر اہتمام یومِ سیاہ کشمیر کی تقریب

مانچسٹر میں جموں کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹرنیشنل(JKSDMI) کے زیر اہتمام یومِ سیاہ کشمیر کی تقریب ہوئی۔

جموں کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹرنیشنل (JKSDMI) کے بانی چیئرمین راجہ نجابت حسین ستارۂ پاکستان کی قیادت میں 15 اگست بروز جمعہ ایک خصوصی پروگرام منعقد کیا گیا جس میں یومِ سیاہ کشمیر منایا گیا۔

اس موقع پر برطانیہ اور پاکستان سے تعلق رکھنے والی ممتاز شخصیات، کمیونٹی رہنماؤں اور سماجی کارکنوں نے شرکت کی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے راجہ نجابت حسین نے کہا کہ جب بھارت اپنی آزادی کا جشن مناتا ہے، دنیا بھر کے کشمیری 15 اگست کو یومِ سیاہ کے طور پر مناتے ہیں تاکہ مقبوضہ جموں و کشمیر پر بھارتی ناجائز قبضے کو مسترد کیا جاسکے۔ کشمیری عوام نے 1947 میں تقسیم کے بعد اپنی جدوجہدِ آزادی کا آغاز کیا اور ریاست کا ایک تہائی حصہ آزاد کرایا۔ برطانوی کشمیری اپنے مقبوضہ کشمیری بھائیوں اور بہنوں کو یقین دلاتے ہیں کہ ہم اس جدوجہد کو اس وقت تک جاری رکھیں گے جب تک پوری ریاست آزادی حاصل نہیں کر لیتی۔

انہوں نے مزید کہا کہ JKSDMI پارلیمنٹیرینز، کونسلرز، کمیونٹی نمائندگان اور انسانی حقوق کی تنظیموں کے تعاون سے آئندہ بھی کانفرنسز، سیمینارز اور بین الاقوامی لابنگ کی مہمات جاری رکھے گا۔

ڈاکٹر افضل خان ایم پی نے اپنے خطاب میں مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے اپنی غیر متزلزل وابستگی کا اعادہ کیا اور کہا کہ وہ برطانوی پارلیمنٹ میں آل پارٹی پارلیمانی گروپ (APPG) برائے کشمیر اور لیبر پارٹی کے ساتھ مل کر JKSDMI کے تعاون سے برطانوی حکومت پر دباؤ ڈال رہے ہیں تاکہ کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق پرامن حل تلاش کیا جا سکے اور بھارتی مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں کا خاتمہ کیا جا سکے۔

اجلاس میں متفقہ طور پر ایک قرارداد منظور کی گئی جس میں بھارتی جیلوں میں قید کشمیری سیاسی رہنماؤں کی فوری رہائی اور محمد یاسین ملک، شبیر احمد شاہ سمیت دیگر قائدین کے لیے فوری طبی سہولتوں کا مطالبہ کیا گیا۔

برطانیہ و یورپ سے مزید