کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیو نیوز کے پروگرام ”جرگہ‘‘ میں میزبان سلیم صافی سے گفتگو کرتے ہوئےسربراہ امریکن مسلمز فار ٹرمپ ساجد تارڑ نے کہا ہے کہ10مئی کے بعد دنیا کا پاکستان پر اعتماد بڑھا ہے ریپبلکن صدر ٹرمپ کے آنے سےنا صرف پاکستان بلکہ تمام اتحادی ممالک کے ساتھ تعلقات میں بہتری آتی ہے۔ بھارت، خاص طور پر مودی حکومت، اپنی پالیسیوں کی وجہ سے بند گلی میں داخل ہو چکی ہے ڈیموکریٹس خصوصاً جوبائیڈن اور ہیلری نے سیاست کے ذریعے دولت بنائی۔ پروگرام کے آغاز میں میزبان سلیم صافی نے تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ جب ڈونلڈ ٹرمپ کا پہلا الیکشن ہورہا تھا اس وقت ساجد تارڑپاکستان سے تعلق رکھتے تھے وہ ان کے لئے مہم چلا رہے تھے ۔انہوں نے تنظیم بنائی تھی امریکن مسلم فار ٹرمپ ۔سب لوگ حیران تھے کہ ایک پاکستانی کیسے ٹرمپ کے اتنے حامی بن گئے ہیں ۔