کراچی (اسٹاف رپورٹر ) میری پہچان پاکستان کے سربراہ اور سابق گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا ہے کہ قومی یکجہتی اور احتساب کی تجدید وقت کی ضرورت ہے۔ آپریشن بنیان المرصوص کی کامیابی نے ہمارا سر فخر سے بلند کیا۔ فیلڈ مارشل اور افواج پاکستان نے اپنا کام کردیا اب حکومتوں کے کردار ادا کرنے کی باری ہے۔ گڈگورننس اور معیشت کے لئے بہترین اصلاحات اور انقلابی اقدامات کی ضرورت ہے۔ عوام کو اب اسکے ثمرات ملنے چاہئیں۔ پاکستان نے بیرونی خطرات کاکامیابی سے مقابلہ کیا ہے۔ اب اسے اپنے اندرونی چیلنجز پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے یہ بات کراچی میں گلشن اقبال۔ کیماڑی،، گلستان جوہر کے پی کے میں پشاور، مانسہرہ پنجاب میں،جہلم، اسلام آباد، راولپنڈی،لاہور، سندھ کے شہروں سکھر، حیدرآباد میں آزادی پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ مرکزی کمیٹی کے انچارج نہال احمد صدیقی، محمد پناہ پنہیار، فاروق ملک، ریحان خان، سیف یار خان، آصف قدوس، سلیم، سہیل، مقصود قریشی، ایڈوائزری کونسل کے اراکین بھی موجود تھے ،عشرت العباد نے کہا کہ ہم نفرت اور تقسیم کی سیاست کو مسترد کرتے ہیں۔اب وقت آگیا ہے کہ ہماری حکومتیں اچھی حکمرانی کو اپنائیں۔ شفافیت اور احتساب کو یقینی بنائیں۔ عام آدمی کی زندگی میں حقیقی بہتری لائیں۔