دمشق(اے ایف پی) شام کے صدر احمد الشرع نے کہا ہے کہ ملک کو متحد کرنے کی جنگ بزور طاقت نہیں مفاہمت سے ہونی چاہئے۔ انہوں نے کسی بھی قسم کی تقسیم کو مسترد کرتے ہوئےاسرائیل پر جنوبی علاقے میں مداخلت کا الزام لگاتےہوئےکہاکہ بعض لوگوںکی اسرائیل یا دوسروں کے ذریعے اقتدار حاصل کرنے کی کوشش لاحاصل ہے۔ادلب کے شمال مغربی صوبے کے معززین اور دیگر اعلیٰ حکام کے ساتھ گفتگو میں شامی صدر کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس شام کو متحد کرنے کی ایک اور جنگ ہے، اور یہ خون اور فوجی طاقت سے نہیں بلکہ مفاہمت کے ذریعے ہونی چاہئےکیونکہ شام جنگ سے تھک چکا ہے،کچھ لوگ ملک کو منقسم اور خود مختار علاقہ بنانے کی کوشش کررہے ہیں جو ناممکن ہےاورمجھے ملک کی تقسیم کا کوئی خطرہ نظر نہیں آرہا ہے،اس کےعلاوہ کچھ فریق اسرائیل یا دوسروں کے ذریعے حصول اقتدار کی لاحاصل کوشش میں مصروف ہیں ۔صدرالشرع کا کہنا تھا کہ سویدا میں فریقین کی طرف سے کئی خلاف ورزیاں دیکھنے میں آئیں، سیکورٹی فورسز اور فوج کے کچھ ارکان نے بھی اس میں ملوث رہے۔