• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ترکی میں جنگلات میں لگی آگ، کئی دیہات خالی کرا لیے گئے

استنبول (اے ایف پی) ترکی کے گیلی پولی جزیرہ نما علاقے داردانیلس میں 7؍ دیہات کو خالی کرا لیا گیا، جہاں فائر فائٹرز تیز ہوا کے باعث بھڑکتی آگ پر قابو پانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ حکام کے مطابق آگ ہفتے کے روز صوبہ چناق قلعہ میں لگی جو تیزی سے گیلیبولُو کے قریب پہاڑی علاقوں میں پھیل گئی۔ رات کے وقت پانچ دیہات سے تقریباً ڈھائی سو افراد کو منتقل کیا گیا جبکہ اتوار کو مزید دو دیہات کو خالی کرایا گیا۔ صوبہ چناق قلعہ کے گورنر عمر طورامان کا کہنا تھا کہ اب تک آگ ان علاقوں تک نہیں پھیلی جنہیں خالی کرایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ علاقہ گزشتہ ایک سال سے شدید خشک سالی کا شکار ہے۔ بتایا گیا ہے کہ آگ پھیلنے کی وجہ سے ایجی آباد شہر کے قریب تاریخی مقامات تک رسائی بند کر دی گئی ہے۔ پیر کو داردانیلس کے جنوبی حصے میں لگی ایک اور آگ کے باعث دو ہزار سے زائد افراد کو علاقہ خالی کرنا پڑا، جبکہ گزشتہ ہفتے جہاز رانی بھی روک دی گئی تھی۔ یہ آبی گزرگاہ بحیرہ روم کو بحیرہ مرمرہ اور بحیرہ اسود سے ملاتی ہے۔

دنیا بھر سے سے مزید