ملتان (سٹاف رپورٹر)کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں نے گلگشت لیڈیز پارک اور دھوبی گھاٹ پارک کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے پارکوں کی حالت اور سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔کمشنر نے لیڈیز پارک میں لائٹس بہتر کرنے اور واش رومز میں ٹائلز لگا کر صفائی کی صورتحال کو بہتر بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ پارک میں 12 دری کے ارد گرد فیری لائٹس اور دیگر سجاوٹ کی جائے جبکہ لیڈیز پارک کی بیرونی دیوار کو پرائیویٹ سیکٹر کے تعاون سے خوبصورت بنایا جائے۔کمشنر عامر کریم خاں نے دھوبی گھاٹ پارک کی ابتر صورتحال پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے دو ہفتوں میں پارک کی حالت بہتر بنانے کی ہدایت کی،اس دوران شہریوں نے کمشنر عامر کریم خاں سے ملاقات کی اور پارکوں سے متعلق مسائل سے آگاہ کیا۔