ملتان ( سٹاف رپورٹر) ہائی کورٹ ملتان بینچ کے جج جسٹس سید احسن رضا کاظمی نے محمد مبین چغتائی۔ماہ۔نور فاطمہ اور فضا عروج سمیت 92 پٹیشنرز کی جانب سے یونیورسٹی آف ہیلتھ سائینسز کے وائس چانسلر پروفیسر احسن وحید راٹھور کے خلاف عدالت عالیہ کے احکامات پر عملدرآمد نہ کرنے پر توہین عدالت کی درخواست کی سماعت کی اور متعلقہ حکام کو نرسنگ سٹوڈنٹس کو رولنمبر سلپس جاری نہ کرنے پر نوٹس جاری کردیا ہے۔جسٹس صادق محمود خرم نے غلام عباس گرمانی بلوچ کی عبوری ضمانت قبل از گرفتاری منظور کر لی ہے اور پولیس کو نوٹس جاری کر دیا ہے، منشیات کے مقدمے میں گرفتار دو درجن سے زائد ملزمان کی ضمانت بعد ازگرفتاری کی درخواستوں کی سماعت اینٹی نارکوٹکس فورس کے وکیل خالد عزیز کی عدم حاضری کے باعث 9 ستمبر تک ملتوی کردی ۔منشیات کے مقدمے میں گرفتار ملزم محمد قربان کو 09سال قید اور 80ہزار روپے جرمانہ کی سزا سنا دی گئی ۔جوڈیشل مجسٹریٹ ملتان نے غیر قانونی اسلحہ رکھنے کے مقدمہ میں گرفتار ملزم کی ضمانت کو 50 ہزار روپے کے مچلکوں کے عوض منظور کر لیا ہے ۔ایڈیشنل سیشن جج ملتان نے بھاری مقدار میں منشیات برآمد ہونے کے مقدمہ میں گرفتار ملزم کی ضمانت پر سماعت وکلا دلائل کے بعد خارج کرنے کا حکم دیا ہے۔