پشاور(سٹاف رپورٹر)خیبرپختونخوا کے محکمہ سیاحت،ثقافت و آثار قدیمہ نے کیلاش ویلیز ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کو کیلاشی عوام پر حالیہ ٹیکسز کے نفاذ سے روک دیا ہے جبکہ اس مقصد کیلئے کیلاش ویلیز ڈیویلپمنٹ اتھارٹی رولز 20 میں ترمیم کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ کیلاش کمیونٹی کے عمائدین نے محکمہ سیاحت خیبر پختونخوا سے مطالبہ کیا تھا کہ ان کے کاروبار وغیرہ پر ٹیکسز اور لیوی ڈیوٹیاں عائد کئے گئےہیں جس پر علاقے کے عوام کیساتھ کوئی مشاورت نہیں کی گئی ہے ،اس سلسلے میں سیکرٹری ثقافت ڈاکٹر عبدالصمد نے کہا ہے کہ کیلاش ویلیز ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کا قانون باقاعدہ طور پر لاڈیپارٹمنٹ سے منظور کیا گیا ہے تاہم عوام کے مطالبے پر قانون میں ترمیم کے لئے مسودہ کو صوبائی کابینہ اجلاس میں منظوری کیلئے پیش کیا جائیگا اس وقت تک ڈائر یکٹر جنرل کیلاش ویلیز ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کو ٹیکسز کے حصول سے روک دیا ہے۔ صوبائی کابینہ کے اجلاس میں ترمیمی مسودہ پر جو بھی فیصلہ ہوا، اس سے متعلق پھر لائحہ عمل طے کیا جائیگا۔