• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت عوام کو یکساں صحت سہولیات فراہمی کیلئے اقدامات کررہی ہے،مشیر صحت

پشاور (خصوصی نامہ نگار) مشیرِ صحت خیبر پختونخوا احتشام علی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی قیادت میں حکومت دیہی اور شہری عوام کو یکساں صحت کی سہولیات فراہم کرنے کے لئے بھرپور اقدامات کررہی ہے۔ سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر بختیار خان سے ملاقات میں بات چیت کر رہے تھے، ڈائریکٹر جنرل صحت ڈاکٹر شاہد یونس اور ڈائریکٹر جنرل اطلاعات وتعلقات عامہ انصار اللہ خلجی بھی اس موقع پر موجود تھے۔ احتشام علی نے محکمہ صحت کیلئے مختلف اقدامات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ عوام کو ان اقدامات سے آگاہ کرنا ضروری ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ ان سے فائدہ اٹھا سکیں۔ انہوں نے عوامی فلاح کے لئے حکومت کی جانب سے کئے جانے والے تمام اقدامات سے متعلق آگاہی پھیلانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے ڈی جی صحت کو ہدایت کی کہ صوبے بھر میں ڈینگی سے متعلق آگاہی مہم کا آغاز کرے تاکہ عوام احتیاطی تدابیر اختیار کر سکیں۔ سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر بختیار نے کہا کہ محکمہ اطلاعات ہر قسم کی آگاہی مہم کے لئے تیار ہے، تاہم صحت اور اطلاعات کے محکموں کے درمیان قریبی رابطے کی ضرورت ہے تاکہ بروقت اور مؤثر آگاہی مہمات چلائی جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت کے ہر اقدام کو محکمہ اطلاعات کے ساتھ شیئر کیا جانا چاہئے تاکہ اس کی مؤثر تشہیر ممکن ہو۔ احتشام علی نے اپنے عملے کو ہدایت کی کہ محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ کے ساتھ مکمل رابطہ استوار کرے اور محکمہ صحت کے تمام اقدامات ان کے ساتھ شیئر کئے جائیں۔ ڈی جی صحت ڈاکٹر شاہد یونس نے آگاہ کیا کہ محکمہ صحت صوبے بھر میں ڈینگی کے خلاف آگاہی مہم شروع کرنے کے لئے تیار ہے اور اس بابت محکمہ اطلاعات کے ساتھ روابط استوار رکھے جائیں گے۔
پشاور سے مزید