اسلام آباد( نیوز رپورٹر)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ شجرکاری اہم قومی، ماحولیاتی و موسمیاتی فریضہ ہے ،تمام شہریوں میں اسکا احساس ذمہ داری پیدا کرنا نا گزیر ہے۔وزیر اعظم نے یہ بات گزشتہ روز اپنی زیر صدارت سالانہ مون سون شجرکاری مہم کے آغاز پر افتتاحی اجلاس کے دوران کہی ۔ وزیراعظم نے سالانہ مون سون شجرکاری مہم کا آغاز پہلے ہفتے کے عنوان "ایک بیٹی ۔ ایک شجر" سے کیا، وزیراعظم نے ہدایت کی کہ تمام متعلقہ حکام اس بات کو یقینی بنائیں کہ شجرکاری مہم محض علامتی کاروائی نہ ہو اس پر موثر عمل درآمد ہو، دوسری طرف وزیرِ اعظم سے روٹری انٹرنیشنل فاؤنڈیشن کے صدر فرانسیسکو اریزو (Francesco Arezzo) نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی اس دوران وزیراعظم نے کہا کہ پولیو کے خاتمے میں مشکلات ہیں مگر یہ نہ ممکن نہیں ۔ اجلاس سے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ شجر کاری آنے والی نسلوں کیلئے صحت مند، قدرتی ماحول کے تحفظ اور موسمیاتی تغیر سے ہونے والی تباہ کاریوں سے بچاؤ کیلئے اولین ترجیح ہے، وفاقی حکومت شجرکاری مہم کو کامیاب بنانے کے لیے ہر ممکن مدد فراہم کرے گی، انہوں نے ہدایت کی کہ شجر کاری مہم میں لگائے گئے پودوں کی افزائش اور شرح نمو کی جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے نگرانی ، آزا د کشمیر، گلگت بلتستان میں موسمی اور سیلابی تباہ کاریوں کے ازالے کے لئے شجرکاری پر خصوصی توجہ دی جا ئے۔ انہوں نےہدایت کی کہ وزارت موسمیاتی تبدیلی عالمی موسمیاتی تبدیلی کانفرنس کے لیے مکمل تیاری کریں، حالیہ مون سون سیزن کی غیر معمولی بارشیں اور آبی ریلوں سے ہونے والی تباہی اور جانی و مالی نقصان نے ایک بار پھر یہ ثابت کیا کہ پاکستان کے لیے جنگلات ناگزیر ہیں۔