اسلام آباد( تنویر ہاشمی ) حکومت نے سی پیک کے مستقبل کے منصوبوں کی تعداد کم کر کے اعلی ٰ اثرات کے حامل کے چند منصوبوں کو آگے بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے، وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے متعلقہ حکام نےسی پیک کےآئندہ جے سی سی اجلاس میں زیادہ منصوبوں کے بجائے اعلی ٰ اثرات کے حامل چند منصوبوں حتمی شکل دینے کےلیے متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کردی، احسن اقبال نے کہا کہ سی پیک کے دوسرے مرحلے کا باضابطہ آغاز وزیراعظم کے آئندہ دورہ بیجنگ کے موقع پر کیاجائے گا، چین کےصدر شی جن پنگ کو بھی 2026میں دورہ پاکستان کی دعوت دے دی گئی ، سی پیک کی آئندہ مشترکہ تعاون کمیٹی ( جے سی سی ) اجلاس کی تیاریوں کے سلسلے میں جائزہ اجلاس وفاقی وزیر احسن اقبال کی زیر صدارت ہوا، احسن اقبال نے اپنے حالیہ دورہ چین کا حوالے سے کہا کہ وزیرِ اعظم کی جانب سے انہوں نے صدر شی جن پنگ کو 2026ء میں اسلام آباد کے دورے کی باضابطہ دعوت دی تاکہ پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ کو شایانِ شان طریقے سے منایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ وزیرِ اعظم کا آئندہ دورہ بیجنگ باضابطہ طور پر سی پیک فیز ٹوکا آغاز ثابت ہوگا اور توقع ہے دونوں ممالک واضح ترجیحات طے کریں گے اور قابلِ عملنتائج پر اتفاق کریں گے۔وفاقی وزیر نےکہاپاکستان کو چین میں اپنی تجارت اور برآمدات کا دائرہ بڑھانا ہوگا، انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ کاروباری شخصیات کے لیے ویزے کے عمل میں غیرضروری تاخیر کو فوری طور پر ختم کیا جائے اور حقیقی کاروباری حضرات کو کسی رکاوٹ کے بغیر سہولت فراہم کی جائے۔