صوابی ( نمائندہ جنگ) پی ٹی آئی کے رہنما و سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسدقیصر نے کہا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے ہمیں مسلسل آفات کا سامنا ہے، ورلڈ بینک نے کلاؤڈ برسٹ کے پیش نظر موسمی ریڈارز کیلئے فنڈز فراہم کی تھی، لیکن سمجھ نہیں آتا وفاقی حکومت ریڈارز کی خریداری میں تاخیر کیوں رہی ہے، فاٹا انضمام کے وقت این ایف سی ایوارڈ میں 3 فیصد شیئر کا وعدہ کیا گیا تھا مگرابھی تک کچھ بھی نہیں دیاگیا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اجلاس سے خطاب اور اپنے بیان میں کیا۔ اسد قیصر نے کہا کہ بدقسمتی سے گزشتہ تین سالوں سے موسمی ریڈارز کے ٹینڈرز مکمل نہیں ہو سکے، میں اسمبلی میں اس کے وجوہات پوچھوں گا اور مطالبہ کروں گا کہ ذمہ داروں کیخلاف کارروائی کی جائے، ہمارے صوبے کو دہشت گردی اور موسمیاتی تبدیلیوں کے چیلنجز کا سامنا ہے، ہمارے لوگ معاشی طور پر بدحال ہو رہے ہیں، کاروبار ختم ہو رہے ہیں، بیروزگاری میں اضافہ ہو رہا ہے، اسد قیصر نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ ہمارے صوبے کے نیٹ ہائیڈل منافع سمیت بقایا جات ادا کیے جائیں۔