• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسپتالوں میں بارش کا پانی داخل، مریض اور تیماردار اذیت میں مبتلا

کراچی (بابر علی اعوان / اسٹاف رپورٹر) شہر قائد میں منگل کو ہونے والی موسلا دھار بارش نے جہاں سڑکوں اور رہائشی علاقوں کو شدید متاثر کیا وہیں بڑے سرکاری اور نجی اسپتال بھی نکاسی آب کے ناقص انتظامات کے باعث شدید مشکلات کی زد میں آگئے۔ بارش اور سیوریج کا پانی اسپتالوں کے وارڈز، ایمرجنسی اور راہداریوں میں داخل ہوگیا جس سے مریضوں اور ان کے تیمارداروں کو گھنٹوں کرب ناک صورتحال کا سامنا رہا۔ سول اسپتال کراچی، جناح اسپتال، عباسی شہید اسپتال، لیاری جنرل اسپتال، سندھ گورنمنٹ لیاقت آباد اسپتال، سعود آباد اسپتال، قطر اسپتال، کورنگی جنرل اسپتال، این آئی سی ایچ، این آئی سی وی ڈی اور نیو کراچی اسپتال سمیت متعدد سرکاری و نجی اسپتالوں کے مختلف شعبہ جات میں پانی جمع ہوگیا۔ کئی وارڈز میں پانی بھرنے سے مریضوں کو دوسری جگہ منتقل کرنا پڑا جبکہ کئی مقامات پر بارش کے ساتھ سیوریج کا پانی بھی داخل ہوگیا جس سے تعفن، بدبو اور انفیکشن کے خدشات بڑھ گئے۔ طبی عملہ مریضوں کے علاج کے دوران پریشان رہا جبکہ شام اور رات کے اوقات میں ڈیوٹی پر آنا والا بیشتر عملہ وقت پر اسپتال نہ پہنچ سکا۔ بارش کے باعث اسپتالوں کے لان، پارکنگ ایریاز اور ایمرجنسی کے اطراف بھی پانی میں ڈوبے رہے، مریضوں کے لواحقین اور تیماردار محفوظ جگہ تلاش کرنے پر مجبور ہوگئے۔
اہم خبریں سے مزید