اسلام آباد (رپورٹ حنیف خالد) آذر بائیجان کے ڈپٹی وزیر و ڈائریکٹر جنرل دفاعی امور آقِل گربانوف کی سربراہی میں اعلیٰ سطحی دفاعی وفد نے ائیر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ دفاعی تعاون، تربیت، جدید کاری اور تکنیکی مہارت کے فروغ پر تفصیلی تبادلۂ خیال ہوا۔ ایئر چیف نے آذربائیجانی وفد کا پرتپاک خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور آذربائیجان کے تعلقات مذہبی، ثقافتی اور تاریخی اخوت پر مبنی ہیں۔ انہوں نے پاک فضائیہ کے جدید منصوبوں اور مستقبل کی جنگی تیاریوں پر روشنی ڈالی اور آذربائیجان فضائیہ کو استعداد کار بڑھانے میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ آقِل گربانوف نے پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ مہارت اور مقامی سطح پر تیار کردہ جدید ایرو اسپیس ٹیکنالوجی کو سراہتے ہوئے مشترکہ مشقوں، تربیتی پروگراموں اور ملٹی ڈومین آپریشنز میں تعاون بڑھانے کی خواہش ظاہر کی۔