• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ماحولیاتی تبدیلی کے بنیادی اسباب کے حل کیلئے عالمی تعاون ضروی ہے، بلاول بھٹو

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر میں شدید بارشوں اور سیلاب سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ تباہی دراصل عالمی ماحولیاتی بحران کا ایک سلسلہ ہے اور پاکستان کے عوام اس بحران کی سب سے بھاری قیمت ادا کررہے ہیں جبکہ وہ اس کے ذمہ دار بھی نہیں ہیں۔ ماحولیاتی تبدیلی کے بنیادی اسباب کے حل کیلئے عالمی تعاون ضروری ہے۔ بلاول ہاؤس سے جاری اپنے ایک بیان میں انھوں نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب، سندھ اور بلوچستان سے لے کر ملک کے شمالی صوبوں تک ماحولیاتی تبدیلی ہماری زندگیوں سے لے کر روزگار تک کو تباہ کررہی ہے اور یہ معاملہ مقامی یا علاقائی نہیں بلکہ ایک عالمی انسانی ایمرجنسی ہے اور اس سلسلے میں دنیا کو پاکستان کے ساتھ کھڑا ہونا ہوگا، بلاول بھٹو زرداری نے آفت زدہ علاقوں میں ان مشکل حالات میں ریلیف سرگرمیوں میں مصروف اداروں اور پاک فوج کے جوانوں کی بہادری کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانیاں اور عزم لائقِ ستائش ہے۔
اہم خبریں سے مزید