کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے شدید بارشوں کے پیش نظر شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلیں۔ ایک بیان میں سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ عوام کی جان اور حفاظت سب سے مقدم ہے، اسی لیے شہریوں کو چاہیے کہ وہ اپنی حفاظت کے لیے گھروں میں رہیں۔کراچی میں بارش کے دوران حکومت سندھ کی تمام مشینری فعال ہے اور نکاسی آب کا عمل جاری ہے۔ شہری بارش تھمنے کا انتظار کریں اور احتیاط برتیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی وزیر سعید غنی اور میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کی قیادت میں ضلعی انتظامیہ، کے ایم سی، واٹر بورڈ اور ریسکیو ادارے پوری طرح متحرک ہیں۔