لاہور (آصف محمود بٹ) پنجاب حکومت اور پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن (نارتھ زون) کے درمیان سرکاری سطح صوبے میں چینی کی سپلائی اور تقسیم کے حوالے سے باضابطہ معاہدہ طے پا گیا۔ یہ معاہدہ ڈائریکٹر جنرل فوڈ و کین کمشنر پنجاب نوید شہزاد مرزا کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں طے پایا۔اجلاس کین کمشنر کے دفتر لاہور میں منعقد ہوا جس میں فوڈ ڈیپارٹمنٹ کے اعلیٰ افسران اور نمایاں شوگر ملز کے نمائندے بشمول ہنزہ، الموئز، شکرگنج، پتوکی اور طارق کارپوریشن شریک ہوئے۔ فریقین نے باہمی اتفاق رائے سے طویل عرصے سے جاری تنازعات کو ختم کرتے ہوئے چینی کے کوٹے، نرخ اور تقسیم کے نظام پر اتفاق کیا۔معاہدے کے مطابق، جس پر پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن (نارتھ زون) کے سیکریٹری جنرل سہیل شہزاد اور ڈائریکٹر جنرل فوڈ/ کین کمشنر پنجاب نے دستخط کیے، ہر شوگر مل اپنی پیداوار کا 30 فیصد حصہ نامزد بروکرز کے ذریعے ڈپٹی کمشنرز کے مقرر کردہ ڈیلرز کو نوٹیفائیڈ ایکس مل پرائس پر فراہم کرے گی۔ یہ حصہ ضلعی سطح پر چینی کی تقسیم کا بنیادی معیار ہوگا۔ باقی 70 فیصد میں سے 30 فیصد چینی صوبے کے اندر بروکرز کے ذریعے نوٹیفائیڈ قیمت پر فروخت کی جا سکے گی، جبکہ زیادہ سے زیادہ 40 فیصد کارپوریٹ سیکٹر کو فروخت کرنے کی اجازت ہوگی۔