پشاور (خصوصی نامہ نگار) مشیر صحت خیبر پختونخوا احتشام علی نے صوبے کے سیلاب سے متاثرہ اضلاع کے لئے خیبر پختونخوا ہیلتھ فاؤنڈیشن کے امدادی قافلے کو روانہ کیا۔ اس موقع پر ایم ڈی ہیلتھ فاؤنڈیشن ڈاکٹر خضر حیات اور ان کی ٹیم بھی موجود تھے، جنہوں نے 10 گاڑیوں پر مشتمل امدادی سامان متاثرہ علاقوں کی جانب روانہ کیا۔ اس قافلے میں ایمرجنسی ادویات، کھانے پینے کی اشیاء اور تربیت یافتہ طبی عملہ شامل ہیں۔ مشیر صحت نے ہیلتھ فاؤنڈیشن کی کاوشوں کو سراہا اور سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں محکمہ صحت کی جاری سرگرمیوں کی تفصیلات بھی جاری کیں۔ جن کے مطابق اب تک صوبے کے مختلف متاثرہ علاقوں میں 32 میڈیکل کیمپس قائم کئے جا چکے ہیں، جن میں 6939 مریضوں کا معائنہ کیا گیا ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 33842 مریضوں کو طبی سہولیات فراہم کی گئیں جبکہ 5 اموات رپورٹ ہوئیں۔ مجموعی طور پر اب تک 81244 مریضوں کا علاج کیا جا چکا ہے اور 322 اموات صحت مراکز سے رپورٹ ہو چکی ہیں۔ مشیر صحت نے خبردار کیا کہ متاثرہ علاقوں میں سانس کی بیماریوں، خارش اور اسہال کے کیسز میں اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے عوام اور سماجی اداروں سے اپیل کی کہ وہ متاثرہ علاقوں میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنائیں تاکہ واٹر بورن بیماریوں سے بچاؤ ممکن ہو سکے۔