پشاور(کرائم رپورٹر)پشاور کے پوش علاقے حیات آباد میں افغانستان کی جشن آزادی کی خوشی میں ہوائی فائرنگ کرنے والوں میں پی ٹی آئی یوتھ ونگ خیبرکا صد ربھی ملوث نکلا ،شدید فائرنگ سے حیات آباد کا علاقہ گونج اٹھااور شہریوں میں خوف وہراس پھیل گیاتھا،فائرنگ واقعہ کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے۔ پولیس نے 2افغان باشندوں کو گرفتار کرلیا ۔ تھانہ حیات آباد ایس ایچ او طارق خان کی مدعیت میں درج ایف آئی آر کے مطابق دوران گشت وہ علاقے میں موجود تھا کہ سوشل میڈیا پرایک ویڈیو وائرل ہوئی جہاں فیز3روڈ نزد شاہ سی این جی کثیر تعداد میں ریلی کی شکال میں جوان العمر لڑکے اور دیگر افراد موٹرسائیکلوں، ویگو اور دیگر گاڑیوں میں سوار ہوکر افغانستان کی آزادی کی خوشی میں پرچم لہرا رہے تھے جبکہ گاڑیوں سے اپنے پستولوں سے اندھادھندہوائی فائرنگ بھی کررہے تھے جس میں ایک ملزم کی شناخت سید عارف سکنہ باڑہ حال الحرم ٹائون سے ہوئی ہے ۔پولیس نے واقعہ کے بعد علاقے میں سرچ آپریشن اور چھاپوں کے دوران 2افغان باشندوں کو گرفتار کرلیا جبکہ دیگر ملزمان روپوش ہیں ،پولیس کا کہناہے کہ پی ٹی آئی یوتھ ونگ خیبرکا صد رسید عارف بھی فائرنگ کررہا تھا جو روپوش ہے ۔ملزموں کے خلاف 3/4AFاور 153کے تحت مقدمہ درج کردیگرملزموں کی گرفتاری کیلئے بھی چھاپے جاری ہیں ۔