کراچی(اسٹاف رپورٹر) سوشل میڈیا پر بدھ کو بھی کراچی میں بارش اور بربادی کے حوالے سے شہریوں کی جانب سے ملے جلے ردعمل کاسلسلہ جاری رہا، جس میں اہم شخصیات نے بھی اپنے جذبات کا اظہار کیا،شہریوں کا کہنا ہے کہ حکمراں فوٹو سیشن کے ماہر ہیں کام کے نہیں ، شہریوں نے وزیراعلیٰ کے بیان پر رد عمل ظاہرکرتے ہوئے کہا کہ دھوپ نکلے گی تو پانی خود ہی خشک ہوجائے گا، شوبز، کھیلوں سے وابستہ اور سیاسی شخصیات بھی کراچی والوں کیساتھ دکھ، یکجہتی اور غم کا اظہار کر رہی ہیں۔ بیرون ملک سے بھی کراچی کے حوالے سے وہاں مقیم پاکستانیوں نے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کراچی کے لوگوں کے لیے محبت اور دعاؤں کے پیغامات ، شیئر کیے،بعض نے حکومت سندھ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کراچی والوں گھبرانا نہیں ہے،وزیر اعلی مراد علی شاہ کے اس بیان کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا کہ بارش ہوگی تو پانی جمع ہوگا، بارش رُکے گی تو پانی نکال دیں گے۔ ایک صارف نے لکھا کہ بارش رکے گی دھوپ نکلے گی تو پانی خود ہی خشک ہوجائے گا،ایک صارف کا کہنا ہے کہ ہمارے حکمراں فوٹو سیشن کے ماہر ہیں کام کے نہیں۔