کراچی( اسٹاف رپورٹر )بارش کے بعد بجلی کے ستائے شہری سڑکوں پر نکل آئے،مختلف علاقوں میں بجلی کی عدم فراہمی پر ہونے والے احتجاج کے باعث ٹریفک جام ہو گیا،شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا،تفصیلات کے مطابق ملیر ہالٹ کے قریب معین آباد کے مکینوں نے بجلی کی عدم فراہمی پر کے الیکٹرک کے دفتر کے باہر احتجاج کیا جس کے باعث ملیر ہالٹ جانب ماڈل قبرستان جناح ایونیو روڈ آنے اور جانے والے دونوں روڈ ٹریفک کے لیے بند ہو گئے،مظاہرین نے کے الیکٹرک کے خلاف نعرے لگائے ،ملیر مہران ڈیپو بس اسٹاپ کے قریب علاقہ مکینوں نے بجلی کی بندش کے خلاف احتجاج کیا جس کے باعث ملیر ہالٹ جانب ماڈل قبرستان جناح ایونیو روڈ آنے اور جانے والے دونوں روڈ ٹریفک کے لیے بند ہو گئے، مین یونیورسٹی روڈ ابن سینا اسپتال کے سامنے سفاری پارک جانب نیپا پر علاقہ مکینوں نے بجلی نہ ہونے کی وجہ سے احتجاج کیا جس کے باعث ٹریفک جام ہو گیا،یونیورسٹی روڈ صفورہ نور الہیٰ ہوٹل سمامہ جانب چیک پوسٹ نمبر 5 پر علاقہ مکینوں نے بجلی کی عدم فراہمی پر احتجاج کیا ، جس کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی، راشد منہاس روڈ لال فلیٹ کے قریب علاقہ مکینوں نے بجلی اور پانی کی عدم دستیابی پر احتجاج کیا جس کے باعث نیپا جانب ملینیم مین راشد منہاس روڈ ٹریفک کے لیے بند ہو گئی، علاوہ ازیں شہر کے مختلف علاقوں میں ہونے والے احتجاج کے باعث ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی جبکہ شہر میں بارش کے باعث جگہ جگہ گڑھوں، سڑکوں کی ٹوٹ پھوٹ اور بارش کا پانی سڑکوں پر جمع ہونے کے باعث بھی ٹریفک جام رہا اور شہریوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔