کراچی (اسٹاف رپورٹر) میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ شہر کے تمام علاقوں سے پانی کے اخراج کیلئے اقدامات جاری ہیں ،انہوں نے ضلع وسطی کے مختلف علاقوں ناگن چورنگی، دو منٹ چورنگی، سرجانی، سخی حسن، کے ڈی اے چورنگی، حیدری اور دیگر مقامات کا دورہ کیا، میئر کراچی نے کہا کہ شہر کے تمام علاقوں سے پانی کے جلد از جلد اخراج کے لیے بھرپور اقدامات جاری ہیں، دور ے میں میئر کراچی نے عوامی شکایات بھی سنیں اور فوری حل کے احکامات جاری کئے، انہوں نے کہا کہ گجر نالہ اپنی اصل حالت میں بہہ رہا ہے اور اگر نالوں کی بروقت صفائی نہ کی جاتی تو صورتحال مختلف ہوتی،میئر نے گرومندر، جہانگیر روڈ، فیڈرل بی ایریا، شاہراہ پاکستان، شیر شاہ سوری روڈ اور دیگر مقامات کے دورے میں کہا کہ کچھ چوکنگ پوائنٹس سے واٹر کارپوریشن کے عملے کو پتھر اور بجری کے تھیلے ملے ہیں تاہم انتظامیہ نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ان رکاوٹوں کو دور کیا ہے، ان کا کہنا تھا کہ شاہراہ پاکستان، شاہراہ اورنگزیب اور راشد منہاس روڈ پر ٹریفک کی روانی بحال کردی گئی ہے جبکہ شیر شاہ سوری روڈ بھی ٹریفک کے لیے کھلا ہے، بلدیہ عظمیٰ نے نارتھ ناظم آباد سے سہراب گوٹھ تک تمام راستے کلیئر کر دیئے ہیں۔