پشاور (خصوصی نامہ نگار) مشیر صحت احتشام علی کی درخواست پر پاکستان پیڈیاٹرک ایسوسی ایشن خیبر پختونخوا کے صدر ڈاکٹر سید باور شاہ، مرکزی ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن پروفیسر محمد عقیل خان، اور پروفیسر رفایت اللہ خان نے بونیر کا دورہ کیا تاکہ سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کی صورتحال کا جائزہ لیا جا سکے۔ جبکہ جنرل سیکرٹری پی پی اے اور ماہر اطفال نیورولوجی ڈاکٹر اطہر خلیلی امدادی سامان کے ساتھ بونیر روانہ ہوگئے تاکہ متاثرہ بچوں اور خاندانوں کی فوری ضروریات کو پورا کیا جا سکے۔ پاکستان پیڈیاٹرک ایسوسی ایشن بچوں کی صحت اور فلاح و بہبود کو اپنی اولین ترجیح سمجھتی ہے، تاہم ہم دیگر سماجی مسائل میں بھی اپنا کردار ادا کر رہی ہے، پی پی اے نے اس بات کا اعادہ کیا ہے کہ مکمل بحالی تک اپنی امدادی سرگرمیاں جاری رکھے گی، بونیر میں ڈاکٹر عتیق، ڈاکٹر امجد، ڈاکٹر حمید، ڈاکٹر عارف، ڈاکٹر جہانگیر اور دیگر بچوں اور خاندانوں کی خدمت میں شب و روز مصروف ہیں۔اسی طرح، پی پی اے کی ٹیمیں باجوڑ میں بے گھر افراد کے بچوں کی صحت کے لئے سرگرم عمل ہے، ڈاکٹر طاہر (ایگزیکٹو ممبر اور ایسوسی ایٹ پروفیسر، لیڈی ریڈنگ ہسپتال) نے علاقے کا دورہ کیا اور مقامی پی پی اے ممبران ڈاکٹر لیاقت، ڈاکٹر خورشید روشن، اور ڈاکٹر مشتاق کے ہمراہ رہنمائی اور امداد فراہم کی۔