کراچی ( اسٹاف رپورٹر/ جنگ نیوز ) ایم اے جناح روڈ پرواقع عمارت میں موجود پٹاخوں کے گودام میں دھماکے کے نتیجے میں 3جاں بحق جبکہ 33افراد زخمی ہوگئے جن میں 3کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے، دھماکا اتنا شدید تھا کہ علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا، دھماکے سے گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا جبکہ قریب واقع عمارتوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے۔پٹاخوں کے گودام میں دھماکہ سے 15 سالہ بچے کی جھلسی ہوئی لاش نکال لی گئی ۔ متوفی کی شناخت اسد شاہ ولد وکیل شاہ کے نام سے ہوئی ہے، متوفی اسد شاہ کے چچا جمال شاہ کے مطابق متوفی پٹیل پاڑہ کا رہائشی تھا، متوفی اسد شاہ بھائی افسر شاہ سے ملنے اس عمارت میں آیا تھا کہ دھماکا ہوگیا، دھماکے میں زخمی نوجوان40سالہ نوید احمد ولد عزیز الرحمان دوران علاج جا ں بحق ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق پریڈی تھانے کی حدود ایم اے جناح روڈ پر سی بریز پلازہ سے ملحق عمارت میں قائم پٹاخوں کےگودام میں جمعرات کی سہ پہر زوردار دھماکا ہوا، دھماکے کی آواز کئی کلومیٹر دور تک سنی گئی،دھماکے کے بعد عمارت میں آگ لگ گئی۔دھماکے کے بعد علاقے میں بھگدڑ مچ گئی اور خوف وہراس پھیل گیا،دھماکے سے قریب کھڑی گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا جبکہ اطراف کی عمارتوں کی کھڑکیوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے۔اطلاع ملنے پر پولیس، ریسکیو ادارے اور فائر بریگیڈ کی ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور عمارت میں موجود زخمی افراد کو نکال کر سول اور جناح اسپتال منتقل کیا۔ کراچی پولیس ترجمان کے مطابق دھماکے میں زخمی 13 افراد کو شہید بے نظیر بھٹو ٹراما سینٹر جبکہ 16 افراد کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا ۔ٹراما سینٹر منتقل کیے جانے والوں میں 45 سالہ وسیم ولد جمعہ خان، 40 سالہ نوید احمد ولد عزیز الرحمن ، 30 سالہ افسر شاہ ولد وکیل شاہ، 40 سالہ خوشی محمد ولد قیوم خان، 18 سالہ ریحان ولد عاقب ، 20 سالہ شاہ میر ولد شہزاد، 38 سالہ محمد حسین ولد شیر صمد، 65 سالہ جاوید ولد مقبول ، 35 سالہ فاروق ولد اشرف ، 60 سالہ محمد اقبال ولد نعمت اللہ ، 18 سالہ مجتبیٰ ولد رفیق اور 10 سالہ بچہ محمد زکریا ولد نور محمد شامل ہیں جبکہ جناح اسپتال منتقل کیے جانے والوں میں 19 سالہ وجے ،35 سالہ فدا حسین ، 30 سالہ ارشد حسین ، 28 سالہ عدنان ، 25 سالہ دین محمد ، 40 سالہ یکدش کمار، 45 سالہ ایوب ، 40 سالہ عابد، 42 سالہ حنیف ، 50 سالہ سعید ، 48 سالہ محمد سلیم ، 32 سالہ کاشف ، 25 سالہ عمار، 23 سالہ حماد، 29 سالہ نزاکت اور 24 سالہ عارف شامل ہیں۔ دوسری جانب پولیس سرجن ڈاکٹر سمیعہ طارق کے مطابق پٹاخوں کے گودام میں دھماکے سے 34 افراد زخمی ہوئے، جناح اسپتال میں 20 اور سول اسپتال میں 14 زخمی لائے گئے، جناح اسپتال میں 4 زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔ 32سالہ کاشف ولد منظوردوران علاج جناح ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگیا۔ ایس ایس پی ساؤتھ مہظور علی کے مطابق مذکورہ عمارت گراؤنڈ پلس ٹو ہے اور فائر ورکس کا گودام گراؤنڈ فلور پر تھا۔مذکورہ دکان کو ڈی سی آفس کی جانب سے لائسنس جاری کیا گیا ہے ،1971 سے یہ دکان چل رہی ہے۔