اسلام آباد( نیو زرپورٹر) وفاقی کابینہ نے ملکی صنعتی ترقی اور نئی صنعتوں کے قیام کی حوصلہ افزائی کیلئے خصوصی اقتصادی زونز قانون 2012 میں ترمیم کی اصولی منظوری دے دی،یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کی تحلیل کی سمری منظور۔ نئی ترامیم کے تحت خصوصی اقتصادی زونز کو مزید کاروبار و سرمایہ کار دوست ماحول فراہم کیا جائے گا جس سے صنعتوں کی تعمیر کی رفتار میں اضافہ ہوگا۔ یہ منظوری وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں دی گئی ۔وزیرِاعظم کی سبسڈی کو کسانوں تک براہ راست پہنچانے کیلئے اقدامات کرنے کی ہدایت،یوریا کی قیمتوں میں توازن کیلئے سفارشات،وزیر اعظم نے ا س موقع پر کہا کہ ملکی صنعتی ترقی کیلئے کاروبار و سرمایہ کار دوست ماحول فراہم کرنا انتہائی ضروری ہے۔اللہ کے فضل و کرم سے ملکی معیشت مستحکم اور ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ صنعتوں کی تعمیر سے ملکی برآمدات اور روزگار میں اضافہ ہوگا۔وفاقی کابینہ نے وزرات صنعت و پیداوار کی جانب سے یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن کی تحلیل کی سمری منظوری کیلئے پیش کی گئی جسے کابینہ نے متفقہ طور پر منظور کر لیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ یوٹیلٹی اسٹور کارپوریشن کا خسارہ مجموعی طور پر 23اعشاریہ 8 ارب روپے ہے۔ 31 جولائی سے ملک بھر میں یوٹیلٹی اسٹورز کا آپریشن ختم کر دیا گیا ہے۔