کراچی (اسٹاف رپورٹر )منظور کالونی میں پستول صاف کرنے کے دوران اتفاقیہ گولی چلنے سےنوجوان جاں بحق جبکہ کورنگی کراسنگ پر فائرنگ سے نوجوان زخمی ہوگیا ۔ تفصیلات کے مطابق بلوچ کالونی تھانے کی حدود منظور کالونی سیکٹر آئی مختیار مسجد کے قریب گھر میں فائرنگ سے نوجوان جاں بحق ہوگیا جس کی لاش کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا ۔متوفی کی شناخت 21 سالہ طحہ ولد عباس عمر کے نام سے ہوئی ۔ ایس ایچ او مظہر کانگو نے بتایا کہ ابتدائی تفتیش میں واقعہ اتفاقیہ طور پر گولی چلنے کا سامنے آیا ہے ۔ نوجوان اپنی پستول صاف کررہا تھا کہ اتفاقیہ طور پر گولی چل گئی جو نوجوان کو لگ گئی اور جان لیوا ثابت ہوئی ۔ واقعہ کی مزید تفتیش کی جارہی ہے ۔ کورنگی صنعتی ایریا کے علاقےکورنگی کراسنگ اٹک پمپ کے قریب فائرنگ سے 19 سالہ ہشمن ولد ولید زخمی ہوگیا جسے جناح اسپتال منتقل کیا گیا ۔