کراچی ( اسٹاف رپورٹر )ایم اے جناح روڈ الآمنہ پلازہ میں گزشتہ روز پٹخاوں کےگودام میں دھماکے کے واقعہ میں جاں بحق افراد کی تعداد 6 ہو گئی جبکہ 32 افراد زخمی ہیں۔گودام سے مزید تین افراد کی لاشوں کو نکال لیا گیا جس کے بعد جاں بحق افراد کی تعداد 6 ہو گئی ہے۔جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب پہلی نکلنے والی لاش ناقابل شناخت اور سوختہ تھی جسم کا عقبی حصہ دھماکے میں بالکل ختم ہوگیا تھا ۔متوفی کی لاش سول اسپتال منتقل کی گئی۔ علاقہ کے لوگوں نے ملنے والی لاش کو اس کی داڑھی سے شناخت کیا ،موقع پر موجود لوگوں کا کہنا تھا کہ سوختہ لاش 32 سالہ حمزہ کی ہے جو تاج کمپلیکس کا رہائشی تھا ، متوفی کی ڈھائی سال قبل شادی ہوئی تھی اور وہ ڈیڑھ سالہ بچی کا باپ تھا ۔ متوفی کی الآمنہ پلازہ میں سرجیکل آلات کی دکان تھی۔ دوسری لاش کی شناخت متوفی کے لواحقین نے 40 سالہ شہزاد علی ولد عبد المجید کے نام سے کی۔متوفی شہزاد کی بھی الآمنہ پلازہ میں کراچی ہیئرنگ کے نام سے آلہ سماعت کی دکان تھی ، وہ کورنگی نمبر 5 کا رہائشی اور دو بچوں کا باپ تھا ۔