• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی، بے رحم ڈاکوؤں نے بے گناہ نوجوان کی جان لے لی، تعداد 59 ہوگئی

کراچی( اسٹاف رپورٹر )کراچی میں بے رحم ڈاکوؤں نے ایک اور بیگناہ نوجوان کی جان لے لی۔رواں برس ڈاکوؤں کی فائرنگ سے جاں بحق افراد کی تعداد 59 ہو گئی۔تفصیلات کے مطابق ملیر کینٹ تھانے کی حدود بھٹائی آباد مبین بیکری کے قریب مکان نمبر B-72 کے باہر بیٹھے 28 سالہ نعیم کو ڈاکو دوران ڈکیتی مزاحمت پر گولی مار کر قتل کرکے فرار ہو گئے۔مقتول کی لاش کو اسپتال منتقل کیا گیا۔ ایس ایچ او تھانہ ملیر کینٹ آغا رشید کے مطابق تین روز سے بھٹائی آباد میں لائٹ نہیں ہے ، جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب مقتول اور اس کے گھر والے گھر کے باہر بیٹھے ہوئے تھے۔مقتول کے گھر والے چارپائی پر جبکہ مقتول ساتھ ہی سیڑھی پر بیٹھا موبائل فون استعمال کر رہا تھا کہ ڈیڑھ بجے کے قریب موٹر سائیکل پر سوار دو مسلح ڈاکو آئے اور اس سے موبائل فون چھیننے کی کوشش کی،مزاحمت کرنے پر ملزمان نے فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں ایک گولی مقتول کے پیٹ میں لگی جو آر پار ہو گئی،واقعہ کے بعد ملزمان فرار ہو گئے۔ایس ایچ او کے مطابق ملزمان نے دو فائر کئے،پولیس کو جائے وقوعہ سے پستول کے دو خول ملے ہیں۔مقتول کے اہلخانہ کا دعویٰ ہے کہ مقتول کی بھابھی پر بھی ملزمان نے فائر کیا تاہم خوش قسمتی سے وہ محفوظ رہیں۔مقتول نعیم غیر شادی شدہ اور مزدوری کرتا تھا۔مقتول کا آبائی تعلق خانیوال پنجاب سے تھا۔
اہم خبریں سے مزید