کراچی (اسٹاف رپورٹر) شہر قائد میں کتے کے کاٹنے کے بعد ریبیز کا شکار ہو کر مزید 6افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔ مئی سے اگست کے دوران ہلاکتوں کی تصدیق جناح اسپتال اور انڈس اسپتال حکام نے کی ہے۔ انتقال کر جانے والے مریضوں میں 3افراد جناح اسپتال جبکہ 3انڈس اسپتال میں زیر علاج تھے۔ رواں سال اب تک صرف جناح اسپتال میں 8اور انڈس اسپتال میں 6مریض ریبیز کے باعث جاں بحق ہو چکے ہیں۔ اس طرح کراچی کے دو اسپتالوں میں رواں سال ریبیز سے اموات کی مجموعی تعداد 14ہو گئی ہے، جبکہ کتے کے کاٹنے کے 22ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔ ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ ریبیز لاعلاج مرض ہے اور اس سے بچاؤ کا واحد طریقہ بروقت ویکسینیشن ہے، تاہم ویکسین کی کمی اور آبادی میں آوارہ کتوں کی بڑھتی ہوئی تعداد شہریوں تشویشناک خطرہ بنتی جا رہی ہے۔