پشاور(جنگ نیوز)سوشل میڈیا پر ملابابا خوڑ میں ملبہ ڈالنے بارے شکایات موصول ہونے پر کمشنر ملاکنڈ ڈویژن عابد وزیر نے رات گئے منگورہ اور ملحقہ سیلاب سے متاثرہ مختلف مقامات کا دورہ کیا جبکہ مُلا بابا خوڑ سے ملبہ ہٹانے اور صفائی کے کام کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے سیلاب سے متاثرہ مقامی لوگوں سے بھی ملاقات کی اور ان سے بات چیت کرتے ہوئے ان کے مسائل کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ تفصیلات کے مطابق کمشنر ملاکنڈ ڈویژن عابد وزیر نے مینگورہ شہر اور ملحقہ سیلاب سے متاثرہ تمام مقامات کا دورہ کیا۔ اس دوران ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (فنانس اینڈ پلاننگ) سوات سید نعمان علی شاہ بھی ان کے ہمراہ تھے۔ کمشنر ملاکنڈ ڈویژن نے مُلابابا خوڑ کے مقام پر ملبہ ہٹانے کے کام کی پیش رفت کا جائزہ لیا اور موقع پر جاری صفائی آپریشن میں ڈبلیو ایس ایس سی سوات، تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن بابوزئی اور ایریگیشن ڈیپارٹمنٹ کے عملے کی کارکردگی کا معائنہ کیا۔