• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قوموں کی برابری پر مبنی حقیقی جمہوری فیڈریشن ناگزیر ہے، پشتونخوامیپ

کوئٹہ ( اسٹاف رپورٹر) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے رہنمائوں نے کہا ہے کہ ملک میں قوموں کی برابری پر مبنی حقیقی جمہوری فیڈریشن ناگزیر ہے، جمہوریت ہی دراصل عوام کی طاقت ہے ،حقیقی جمہوریت ہی کے ذریعے عوام اپنے نمائندوں کا انتخاب کرکے انہیں ملک کے ایوانوں میں ترجمانی اور اپنے حقوق کے حصول کے لیے بھیجتے ہیں، جمہوریت سے انکار نہ صرف آئین سے انحراف بلکہ غیر جمہوری قوتوں کو خوش کرنا اور ان کے لیے آلہ کار بننے کے مترادف ہے، خان شہید عبدالصمد خان اچکزئی کے وقت سے پشتونخوا میپ جمہوریت کی علمبردار رہی ہے اور ہر آمرانہ دور حکومت اور غیر جمہوری قوتوں کی آشرباد سے قائم فارم47کی حکومت/حکومتوں کے خلاف ملک کے جمہوری تحریکوں میں اپنا صف اول کا کردار اداکرتی رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہارپارٹی کے صوبائی سینئر نائب صدر وضلع کوئٹہ کے صدر سید شراف آغا، صوبائی جنرل سیکرٹری کبیر افغان،ضلع معاونین ڈاکٹر حبیب اللہ کاکڑ، حاجی رسول جان ، اسلم خلجی، علی محمد پانیزئی ، تحصیل کچلاک کے صدر ملک نادر کاکڑ، تحصیل سٹی صدر منان نصرت ، جنرل سیکرٹری شکور افغان، علاقائی سیکرٹری زمان ہمزولئے و دیگرنے لاندی پشتون آباد علاقائی یونٹ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ کانفرنس میں گزشتہ تنظیمی سیاسی کارکردگی رپورٹ پیش کی گئی جس کی منظوری دیتے ہوئے نئی کابینہ کا انتخاب عمل میں لایا گیا۔ منتخب ایگزیکٹیوز سے ضلع ڈپٹی سیکرٹری ڈاکٹر حبیب اللہ کاکڑنے حلف لیا ۔ کانفرنس میں ضلع ایگزیکٹوز ، ضلع کمیٹی ، تحصیل کمیٹی کے اراکین نے شرکت کی ۔ مقررین نے منتخب ایگزیکٹیوز کو مبارکباد پیش کی اور اس امید کا اظہار کیا کہ وہ علاقے میں پارٹی کو فعال ومنظم بنانے اور تنظیم سازی کے لیے بھرپور محنت کرینگے اور عوام کو پارٹی صفوں میں شامل کرکے جاری جدوجہد کو تقویت بخشیں گے۔
کوئٹہ سے مزید