کولمبو (اے ایف پی) سری لنکا کے سابق صدر رانیل وکرما سنگھے کو ہفتہ کے روز شدید ڈی ہائیڈریشن کے باعث کولمبو نیشنل اسپتال کے آئی سی یو منتقل کر دیا گیا۔
یہ اقدام ایک روز بعد سامنے آیا جب انہیں سرکاری فنڈز کے غلط استعمال کے الزام میں حراست میں لیا گیا تھا۔
اسپتال کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل رکشن بیلانا نے اے ایف پی کو بتایا کہ وکرما سنگھے شوگر اور بلڈ پریشر کے مریض ہیں اور انہیں قریبی نگرانی میں رکھنے کی ضرورت ہے۔ تاہم انہوں نے کہا کہ ان کی حالت ’مستحکم‘ ہے۔
جیل حکام کے مطابق جیل کا میڈیکل یونٹ اس علاج کے لیے مناسب سہولت فراہم نہیں کرسکتا تھا۔
76 سالہ وکرما سنگھے کو جمعہ کی رات بدعنوانی کے خلاف جاری مہم کے تحت گرفتار کیا گیا تھا۔ الزام ہے کہ انہوں نے ستمبر 2023ء میں برطانیہ کے ایک نجی دورے کے لیے 16.6 ملین روپے (55 ہزار ڈالرز) کے ریاستی فنڈز استعمال کیے۔ اگر الزام ثابت ہوا تو انہیں 20 سال قید اور بھاری جرمانے کی سزا ہوسکتی ہے۔
وکرما سنگھے کا موقف ہے کہ ان کی اہلیہ کی برطانیہ آمد کے اخراجات انہوں نے ذاتی طور پر برداشت کیے تھے۔ اپوزیشن جماعتوں کا دعویٰ ہے کہ حکومت نے انہیں محض اس خوف سے گرفتار کیا ہے کہ وہ دوبارہ اقتدار میں واپس آ سکتے ہیں۔