کراچی (اسٹاف رپورٹر)ٹریفک حادثات اور فائرنگ کے واقعات میں 2 افراد جاں بحق ، ٹریفک پولیس کے 2اہلکار سمیت 8افراد زخمی ہوگئے ،تفصیلات کے مطابق ایم اے جناح روڈ ریلوے گروانڈ کے قریب تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار 17 سالہ ذیشان ولد ارشد جاں بحق، 16 سالہ علی ولد اقبال زخمی ہوگیا، زخمی نوجوان کے بیان کے مطابق حادثہ تیز رفتار کار کی ٹکر کے باعث پیش آیا جس کے بعد کار سوار فرار ہوگیا، عائشہ منزل کے قریب ٹریفک حادثے میں ٹریفک پولیس کے 2 اہلکار اے ایس آئی فیصل توصیف اور پولیس کانسٹیبل نعیم زخمی ہوگئے جنہیں عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا ،پولیس کے مطابق حادثہ تیز رفتار نامعلوم گاڑی کی ٹکر کے باعث پیش آیا ، دریں اثنا ایل پی آر کالونی مائی کلاچی روڈ مسجد کے قریب گھر میں فائرنگ کے واقعہ میں 27سالہ عامر ولد سومارخان جاں بحق ہوگیا ،پولیس نے بتایا کہ مقتول اپنے رشتہ داروں اور دوستوں کے ہمراہ مذکورہ کوارٹر میں رہتا تھا ،ابتدائی تفتیش کے دوران معلوم ہوا ہے کہ مقتول رات تین بجے کے قریب ریسٹورنٹ سے کام ختم کرکے کوارٹر پہنچا اورصبح نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کرکےقتل کیا ، پولیس نے کوارٹر میں مقتول کے ہمراہ رہنے والے اس کے تین دوستوں کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کردی ہے، پولیس نے جائے وقوع سے تیس بور پستول کا ایک خول اپنی تحویل میں لیا ہے ،پولیس کے مطابق ابتدائی تفتیش میں واقعہ ذاتی دشمنی معلوم ہوتی ہے، علاوہ ازیں میانوالی کالونی میں شادی کی تقریب میں ہوائی فائرنگ سے 22 سالہ جنید ولد اقبال زخمی ہوگیا ، اورنگی ٹاؤن بلوچ گوٹھ میں جھگڑے میں فائرنگ سے 60 سالہ قاسم خان زخمی ہو گیا ،کورنگی بلال چورنگی آئل ریفائنری کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 35 سالہ یونس زخمی ہوگیا ، اورنگی ٹاؤن ہریانہ کالونی میں نامعلوم سمت سے آ کر گولی لگنے سے 15 سالہ بچی عروج دختر شفیق زخمی ہوگئی ، اورنگی ٹاؤن سیکٹر ایف فور میں نامعلوم سمت سے آ کر گولی لگنے سے 17 سالہ عارف ولد احسن زخمی ہوگیا۔