کراچی(اسٹاف رپورٹر) ایم کیو ایم کے سنیئر رہنما اور رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی شہادت امت مسلمہ کے لئے آزمائش ہے، ہم سب کے دل مغموم ، آنکھیں اشکبار اور ماحول سوگوار ہے لیکن یہی موقع ہے سوچ وبچار، حکمت، تدبر اور صبر و برداشت کا ہے کیا ہم جذباتی ہوکر ایک شدید احتجاج سے اپنا نقصان کرلیں اور دشمن کو فائدہ پہنچا دیں،پر امن احتجاج اور تحمل سے اس آزمائش سے نکلیں اور پوری دنیا میں امن کے علمبردار اور ایک ناقابلِ تسخیر طاقت بنیں، ان کی شہادت سے نہ صرف ایران بلکہ پوری امت مسلمہ ایک عظیم مدبر، بلند پایہ مفکر اور جرات مند قیادت سے محروم ہو گئی۔ شہید نے ہمیشہ پاکستان اور ایران کے برادرانہ تعلقات کو اہمیت دی اور دونوں ممالک کے درمیان دوستی کے پل تعمیر کیے۔