• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ کی جامعات کے ڈی ایف کی تنخواہیں 448280 روپے مقرر

کراچی(سید محمد عسکری) وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر طارق رفیع کی سفارش پر صوبے کی سرکاری جامعات میں کم تنخواہیں لینے والے ڈائریکٹر فنانس کی تنخواہوں میں اضافے کی منظوری دیدی گئی ہے جس کا باقاعدہ نوٹفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔ محکمہ بورڈز و جامعات کے سیکشن افسر کمال احمد کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق ایم پی اسکیل Il کے تحت جامعات کے ڈائریکٹرز فنانس کی تنخواہ اب 448280 روپے ہوگئی ہے۔ نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ ڈی ایف کی بنیادی تنخواہ 263,180 روپے ہوگی، گھر کے کرائے کی مد میں 95,700 روپے، یوٹیلیز کی مد میں 11,970 روپے اور منافع کی مد میں 77,430 روپے ملیں گے اور اس کا اطلاق فوری ہوگا۔ یاد رہے کہ چیئرمین سندھ ایچ ای سی پروفیسر ڈاکٹر طارق رفیع نے ایک سمری بھی وزیر اعلیٰ سندھ کو ارسال کی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ وفاقی طور پر چارٹرڈ جامعات، پنجاب اور خیبرپختونخوا کے صوبوں میں ڈائریکٹر فنانس کو BPS-20 میں مستقل بنیادوں پر تعینات کیا جاتا ہے تاہم ڈائریکٹر فنانس کا تقرر بلوچستان میں BPS-20/21 میں 4 سال کی مدت پر کیا جاتا ہے۔ سمری میں مزید کہا گیا تھا کہ کم تنخواہ پیکج کی وجہ سے کئی جامعات میں ڈائریکٹرز فنانس جوائن نہیں ہوئے یا جوائن کرنے سے انکار کردیا، اس خلا کو پُر کرنے کے لیے حکومت سندھ نے سرچ کمیٹی کی سفارشات پر کئی ڈائریکٹرز فنانس کا تقرر ویٹنگ لسٹ سے کیا۔ سمری کے مطابق ڈائریکٹر فنانس کے عہدے کی اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے اور یونیورسٹیوں میں اہل افراد کو برقرار رکھنے کے لیے چیئرمین سندھ ایچ ای سی نے دوبارہ سفارش کی کہ وزیر اعلیٰ سندھ برائے مہربانی ڈائریکٹر فنانس کی تنخواہ کم از کم 5 لاکھ روپے مقرر کریں۔
اہم خبریں سے مزید