لاہور(خالدمحمودخالد) بھارتی ریاست گجرات کے ضلع کچھ میں بھارتی بارڈر سیکورٹی فورسز کی طرف سے کھلے سمندر میں کوری کریک کے علاقے میں مبینہ طور پر ایک پاکستانی کشتی پر قبضہ کر کے پندرہ افراد کو گرفتار کر لیا ہے اور دعوی کیا ہے کہ ان گرفتار افراد کا تعلق پاکستان سے ہے۔ ذرائع کے مطابق بی ایس ایف حکام کا کہنا ہے کہ کوری کریک علاقے میں مشتبہ سرگرمیوں کی اطلاع ملی جس کی بنیاد پر انہوں نے سرچ آپریشن کیا جس میں انہوں نے مبینہ طور پر ایک پاکستانی کشتی کو اپنے قبضے میں لے لیا اور پندرہ افراد کو پکڑ لیا گیا ہے۔ گرفتار ہونے والوں سے خوراک، موبائل فون اور دیگر ضروری سامان برآمد کیا گیا ہے۔ تاہم کسی قسم کا اسلحہ یا دیگر ممنوعہ سامان نہیں ملا۔