کراچی (جنگ نیوز) پاکستان آئیڈل کے آڈیشن، راولپنڈی میں آج ”موسیقی کا بڑاطوفان“ برپا ہوگا۔ کیا اس بار کوئی نیا ستارہ جنم لے گا؟،یہ شاندار میوزک شو سب سے پہلے ”جیو ٹی وی“ پر دکھایا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کا سب سے بڑا اور سب سے شاندار میوزک شو ”پاکستان آئیڈل“ اپنی اگلی منزل کی جانب بڑھ رہا ہے۔ پیر 25 اگست سے راولپنڈی میں سجے گا وہ میلہ، جہاں خواب حقیقت کا روپ دھاریں گے، آوازیں سازوں سے ہم آہنگ ہوکر ایک نئی کہانی سنائیں گی۔ ملک بھر کے گلوکار، خواہ وہ نوخیز ہوں یا تجربہ کار، سب کی نظریں اس شاندار موقع پر جمی ہوئی ہیں۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ٹھیک صبح 9 بجے راولپنڈی آرٹس کونسل پہنچ جائیں کیونکہ وہاں صرف مقابلہ نہیں ہوگا بلکہ یہ پلیٹ فارم گمنام آوازوں کو نئی پہچان دے گا۔ اس بار اسلام آباد اور راولپنڈی کی گلیوں میں گونجیں گے سریلے سُر، نوجوانوں کی آوازیں، جذبات سے لبریز نغمے۔ یہ وہ لمحہ ہوگا جب میوزک کے دیوانوں کی دھڑکنیں تیز ہوں گی، ہر آواز میں پاکستان کے رنگ جھلکیں گے۔