کراچی( سید محمد عسکری) شیخ ایاز یونیورسٹی شکار پور کی وائس چانسلر ڈاکٹر عائشہ عیسانی کو عہدے سے ہٹانے کے بعد وزیر اعلی سندھ نے اروڑ یونیورسٹی سکھر کے وائس چانسلر ڈاکٹر زاہد علی کھنڈ کو شیخ ایاز یونیورسٹی شکار پور کے وائس چانسلر کے عہدے کا اضافی چارج دینے کی منظوری دیدی ہے۔ سکریٹری بورڈز و جامعات عباس بلوچ نے وزیر اعلیٰ سندھ کو سمری بھجی تھی جس میں اضافی چارج کے لیے اروڑ یونیورسٹی سکھر کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر زاہد علی کھنڈ اور بیگم نصرت بھٹو ویمن یونیورسٹی، سکھر کی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر تہمینہ ناگراج کے نام بھیجے گئے تھے جس پر وزیر اعلیٰ سندھ نے پروفیسر ڈاکٹر زاہد علی کھنڈ کےنام کی منظوری دی۔سمری میں کہا گیا تھا کہ پروفیسر ڈاکٹر عائشہ عیسانی قیصر مجید کو محکمہ کے 15 اگست کے نوٹیفکیشن کے ذریعے وائس چانسلر، شیخ ایاز یونیورسٹی، شکارپور سے ڈی نوٹیفائی کر دیا گیا۔ سمری میں کہا گیا ہے کہ چیئرمین سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ باقاعدہ وائس چانسلر کی تقرری کے لیے رکے ہوئے بھرتی کے عمل کو ترجیحی بنیادوں پر دوبارہ شروع کریں جب کہ وائس چانسلر شکارپور یونیورسٹی کا اضافی چارج، ملحقہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر کو مستقل وائس چانسلر کی تقرری تک سونپا جائے۔یاد رہے کہ شیخ ایاز یونیورسٹی شکار پور کی وائس چانسلر ڈاکٹر عائشہ عیسانی وفاق میں بھی اہم عہدے پر تعینات تھیں اور ہفتے میں ایک یا دو دن شکار پور یونیورسٹی آتی تھیں جب یہ معاملہ وزیر اعلیٰ سندھ کے پاس گیا تو انھوں نے ڈاکٹر عائشہ عیسانی کا بطور وائس چانسلر نوٹفکیشن ڈی نوٹیفائ کرنے کی منظوری دیدی تھی۔