کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما مشیر ماحولیات نسیم الرحمٰن ملاخیل نے کہا ہے کہ حکومت صوبے کی ترقی اور عوام کو تمام تر سہولیات کی فراہمی کے لئے تمام تر وسائل بروئے کار لارہی ہے ، اخبار فروشوں کے مسائل کے حل کیلئے سنجیدگی سے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں ، ملک کے استحکام کیلئے تمام وابستگیوں اور اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر دشمنوں کی سازشوں کو ناکام بنانا ہوگا ۔ یہ بات انہوں نے انجمن فلاح و بہبود اخبار فروشان کوئٹہ کے نومنتخب عہدیداروں کی تقریب حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے کہی ، اس موقع پر انجمن اتحاد اخبار فروشان کے صدر حاجی غازی خان ، جنرل سیکرٹری میر احمد خان راسکوہ وال ، شاجہان بلوچ ، بی یو جے کے صدر خلیل احمد و دیگر نے بھی خطاب کیا اس موقع پر کوئٹہ پریس کلب کے سینئر نائب صدر محمد افضل ، سابق صدر پریس کلب عبدالخالق رند ، نور الٰہی بگٹی ، پیپلز پارٹی کے رہنما ملک اکرم بنگلزئی ، ٹکری حمید بنگلزئی ، حیدر اچکزئی سمیت دیگر بھی موجود تھے ۔ نسیم الرحمٰن ملاخیل نے انجمن اخبار فروشان کے عہدیداروں کو مبارک باد دیتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ وہ اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے اپنی برادری کے مسائل کے حل کیلئے کردار ادا کریں گے اس سلسلے میں حکومت ان سے تعاون کرئے گی ۔انہوں نے کہا کہ اخبار فروشان کو درپیش مسائل کے حل سمیت سہولیات کی فراہمی کے لئے بھرپور تعاون کا یقین دلایا انہوں نےکہاکہ اخبار فروشان کے لئے رہائشی کالونی کیلئے زمین ، لیپ ٹاپ اور بچوں کو اسکالر شپ دینے کے لئے وزیراعلیٰ بلوچستان سے بات کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان پاکستان کا اہم صوبہ ہے ملک اور بلوچستان کے استحکام کے لئے ہم سب ایک تھے ایک اور ہمیشہ ایک رہیں گے ۔انہوں نے کہا کہ تمام جماعتوں سمیت پوری قوم نے بھارتی جارحیت کا جس طرح یک زبان ہوکر جواب اور پاک فوج کا ساتھ دیا وہ قابل تحسین ہے ۔